اساتذہ و سرپرست نشست کا کامیاب انعقاد

Maharashtra

ضلع پریشد مرکزی مدرسہ تحتانیہ برانچ اردو پاتھری میں

اساتذہ و سرپرست نشست کا کامیاب انعقاد

پاتھری : ٢٥ / اپریل (بذریعہ اقبال انصاری) شہر پاتھری کے مشہور و معروف اور سب سے قدیم ادارہ ضلع پریشد مرکزی مدرسہ تحتانیہ برانچ اردو پاتھری میں آج سرپرست نشست کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ اس نشست میں خواتین کی بھر پور شرکت اور اپنے بچوں کے مستقبل کو لے کر فکرمندی قابل ذکر رہی۔ اس نشست کا مقصد کویڈ 19 کے چلتے طلبہ کے تعلیمی عمل کے جمود کو ختم کرتے ہوئے تعطیلات میں بھی تعلیم کے عمل کو جاری رکھنے کے لیے والدین ، بالخصوص والدہ کی تربیت و راہنمائی کرنا تھا۔ سب سے پہلے اکتسابی سطح کا تعین جانچ کے نتائج سے سرپرستوں کو آگاہ کیا گیا۔ اس کے بعد محترم شیخ عبدالغفار سر نے تعطیلات میں مضمون ریاضی کی پڑھائی کیسے جاری رکھیں اس کے بارے میں تفصیل سے مثالیں و حوالے دے کر والدین کی راہنمائی کی۔

              اس کے بعد اسکول ہذا کے صدر مدرس محترم جمیل صدیقی سر نے گرما کی تعطیلات میں اپنے بچوں کو گھر پر زباندانی (اردو، مراٹھی، انگریزی) کی تعلیم کس طرح سے جاری رکھی جائے اس کی راہنمائی کی اور آسان تدریسی نکات سے سرپرستوں کو روبرو کرایا۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ تعلیم کا زمانہ جو درحقیقت انسانی عمر کی ناپختہ ٹہنی کے پھلنے پھولنے کا زمانہ ہوتا ہے اگر وقت کے صحت بخش چشموں سے اس کو سیراب کیا گیا تو تب یہ ٹہنی مستقبل میں ایسے سایہ دار درخت کی صورت اختیار کرسکتی ہے جس کی ہری بھری شاخیں ہزاروں مسافروں کے لیے پرسکون چھاؤں فراہم کریں۔لیکن اگر اس ٹہنی کو وقت ضائع کرنے کی دیمک لگ گئی تو دوسروں کے لیے راحت کی فراہمی تو دور کی بات ، یہ اپنی شادابی اور زندگی سے بھی محروم ہوسکتی ہے۔   بچوں کو اخبارات، رسالے جیسے بچوں کی دنیا، امنگ وغیرہ کے ذریعے مطالعہ کی عادت پروان چڑھائی جائے۔ انگریزی کے لیے وی لرن انگلش کے روزآنہ کے ویڈیوز دیکھائے جائیں۔ بچوں کے ساتھ زباندانی اور ریاضی کے کھیل کھیلے۔

                انھوں نے قبل از اسکول تیاری کے بارے میں بھی بتلاتے ہوئے کہا کہ برانچ اردو اسکول میں جماعت اول کے داخلے جاری ہوچکے ہیں اور طلبہ کو گرما کی تعطیلات کے لیے قبل از اسکول تیاری کے تحت کتاب اور کارڈز کا مواد بھی دیا جا رہا ہے، لہذا سبھی والدین جن کے بچوں کی عمر چھے سال مکمل ہوچکی وہ ٣٠ اپریل بروز سنیچر سے قبل اسکول آکر اپنے بچوں کا داخلہ کریں اور کتابیں و مواد حاصل کر لیں۔

              آخر میں شکریاتی کلمات ادا کرتے ہوئے محترم اقبال انصاری سر نے تمام حاضرین کا اس نشست میں شرکت کرنے کے لیے شکریہ ادا کیا اور خواتین کا کثیر تعداد میں شرکت کرنے پر اسکول کے تمام اسٹاف کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا گیا اور اسے مثبت تعلیمی تبدیلی سے تعبیر کیا۔ آئندہ تعلیمی نشستوں میں اسی طرح کے تعاون کی توقع رکھتے ہوئے اس کامیاب جلسے کا اختتام عمل میں آیا۔