جنوب ہند کی معروف درسگاہ جامعہ عربیہ قاسم العلوم اودگیر ضلع لاتور کا سالانہ اجلاس عام

Maharashtra

جنوب ہند کی معروف درسگاہ جامعہ عربیہ قاسم العلوم اودگیر ضلع لاتور کا سالانہ اجلاس عام

 19؍ خوش نصیب حفاظ اور8؍ علماء کرام کو دستار فضیلت عطاء کی گئی

25 ؍ مارچ 2022 ( پریس ریلیز ) آج یہاں جنوب ہند کی معروف و مشہور درسگاہ قطب دکن حضرت مولانا عبد الغفور قریشی رحمۃ اللہ( خلیفہ و مجاز شیخ الاسلام حضرت مولاناسید حسین احمد مدنی ؒ) کا قائم کردہ ادارہ جامعہ عربیہ قاسم العلوم اودگیر ضلع لاتور مہا راشٹر کا ایک عظیم الشان اجلاس عام بصدارت مولانا حبیب الرحمن قاسمی صاحب( صدر جمعیۃعلماء مرہٹواڑہ )جامعہ کے ادارہ کی وسیع و عریض مدنی مسجدمیں منعقد ہوا جس میں قرآن کریم مکمل کرنے والے 19؍ خوش نصیب حفاظ اور عالمیت کورس مکمل کرنے والے 8؍ علماء کرام کی اکابر علماء کرام کے ذریعہ دستار فضیلت عطاء کی گئی اور انہیں انعامات سے نوازہ گیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی مولاناحافظ ندیم صدیقی صاحب( صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر) نے علم دین کی فضیلت و اہمیت پر بڑے ہی مختصر انداز میں بہت ہی جامع خطاب فرماتے ہوے تمام ہی حاضرین سے دینی تعلیمی بیداری مہم کا حصہ بننے ، مکاتب کے قیام کی کوشش کرنے اور اسکے استحکام  کے لئے بھرپور جدو جہد کرنے کے لئے شرکاء اجلاس سے عہد لیا جس کی تمام شرکاء نے ہاتھ اٹھاکر بھر پور تائید کی ۔
 اجلاس کے مقرر خصوصی مفتی سید محمد حذیفہ قاسمی صاحب ( ناظم تنظیم جمعیۃ علماء مہا راشٹر )نے اجلاس سے خطاب کرتےہوئے فرمایاکہ ملک کے موجودہ حالات میں مدارس و مکاتب کا قیام اور قائم شدہ مکاتب کو مستحکم کرنے کی اشد ضرورت ہے، اور اپنے بچوں کومدارس و مکاتب  سے جوڑنے کی ترغیب دی۔مولانا معز الدین فاروقی ندوی(سابق ناظم مدرسہ کاشف العلوم اورنگ آباد )  نے بڑے مفصل انداز میں دینی تعلیم کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی، اولاد کی دینی تربیت کے اصول بیان فرمائے، اور موجودہ چیلینجس کا مقابلہ کرتے ہوے آنے والی نسلوں میں دین و ایمان کی بقاء کو پر یقین بنانے کا عزم لیا۔ اجلاس کا آغاز جامعہ کے ایک طالب علم حافظ اسرار الحق سلمہ کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، علاقہ کے مشہور شاعر جناب احمد ساگر صاحب نے بارگاہ رسالت میں ،نذرانہ عقیدت پیش کیا، بعدہ جامعہ کے طلبہ نے اردو عربی زبان میں تقاریر و مکالمے پیش کیا ۔ مولانا قاری شمس الحق صاحب( جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مرہٹواڑہ) نے اجلاس کی نگرانی فرمائی ،مولانا اعجاز الحق صاحب قاسمی (نائب مہتمم جامعہ ہذا )نے نظامت کا فریضہ انجام دیا ۔

 اخیر میں صدر اجلاس مولانا حبیب الرحمن قاسمی صاحب کا طلباء اور عوام کے لئے کلیدی خطاب ہوا ۔ مفتی ابرار الحق صاحب( مہتمم جامعہ ہذا) نے تمام مہمان کرام حاضرین کا ان کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔اس اجلاس میں جمعیۃ علماء ضلع لاتور کے عہدیدران و اراکین باالخصوص مولانا اویس صاحب قاسمی( ناظم مدرسہ مصباح العلوم لاتور) مفتی سہیل صاحب قاسمی صدر جمعیۃ علماء شہر لاتور) مولانا عزیز الرحمٰن صاحب( صدر مدرس جامعہ اشرفیہ ) مولانا اسحاق صاحب(  ناظم دار العلوم ہلی ) سمیت علاقے کے علماء کرام ،ائمہ مساجد ،جامعہ قاسم العلوم کے ابنائے قدیم اور شرکاء اجلاس بڑی تعداد میں موجود تھے۔