نوجوان انٹر نیٹ اور موبائل کے غلط استعمال سے باز رہیں ۔علماء کرام کا خطاب

National

  نوجوان انٹر نیٹ اور موبائل کے غلط استعمال سے باز رہیں ۔علماء کرام کا خطاب

 

مرتضی پور ضلع اکولہ میں جلسہ اصلاح معاشرہ و سیرت النبی ﷺ کا انعقاد 

  مر تضی پور ۔ 8؍ جنوری 2022 ( پریس ریلیز ) آج یہاں جمعیۃ علما کے زیر اہتمام مسجد بلال نیا گھر کول تحصیل مرتضی پور ضلع اکولہ میں جلسہ اصلاح معاشرہ اور سیرت النبی ﷺ کاانعقاد عمل میں آیا جس کا آغاز حافظ راحت علی متعلم دارالعلوم سونوری کی تلاوت کلام پاک اور حافظ طا رق جمیل متعلم دارالعلوم سونوری کے نعتیہ کلام سے ہوا ، حافظ ابوبکر صاحب( نائب صدر جمعیۃ علماء تحصیل مرتضی پور )نے اجلاس کے انعقاد کی غرض و غایت پر تبادلہ خیال کرتے ہوئےکہاکہ جمعیۃ علماء مہا راشٹر کی نگرانی میں حضرت مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب ( صدر جمعیۃ علماء مہا راشٹر) کی ہدایت کے مطابق گذشتہ یکم جنوری سےعلاقہ ودربھ کے مختلف اضلاع اور تعلقوں میںاصلاح معاشرہ بیداری مہم جاری ہے اور علماء کرام کے بیانات کے ذریعہ اصلاحی کوششیں کی جا رہی ہیں اسی کی ایک کڑی آج کا یہ اجلاس ہے۔ہم اس اجلاس کے ذریعہ نوجوانوں سے یہ اپیل کرتے ہیں کہ برائیوں کو ترک کرکے اعمال صالحہ کی طرف توجہ دیں ۔  
 
اس موقع پر مفتی محمد روشن شاہ قاسمی( جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء علاقہ ودربھہ مہا راشٹر )نے اصلاح معاشرہ اور سیرت النبی ﷺ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت  اس بات کی ہے کہ اصلاح معاشرہ کی حکمت عملی، ایک ایک مقام، شہر یا بستی پر توجہات کو مرکوز کرکے بنائی جائے۔ بستی کے مخصوص حالات پر غور کرکے وہاں کی خرابیوں کی تشخیص، اُن خرابیوں کے اسباب کی تعیین اور اس کے مطابق اصلاح کی حکمت عملی، پھر اس حکمت عملی کو اصلاح کا عمل مکمل ہونے تک صبر و استقلال کے ساتھ روبہ عمل لا یا جائے ۔انہوں نے معاشرہ میں پائی جانے والی بے شمار برائیوں کی نشاندہی کی اور اس کے سدباب کے طریقہ کار پر مفصل روشنی ڈالتے ہوئے شادی بیاہ کے موقع پر انجام دی جانے والی غیر اسلامی رسومات جہیز ، بارات ودیگر خرافات سے بچنے کی تلقین کی اور ساتھ ہی نو جونوں سے اپیل کی کہ وہ موجودہ دور میں انٹر نیٹ اور موبائل کے غلط استعمال سے باز رہیں،منکرات کو ترک کرنے کے سلسلے میں مفتی صاحب نے شرکاء اجلاس سے ہاتھ اٹھاکر عہد بھی لیا ۔
مولانا صدرالدین مظاہری صاحب ( صدر جمعیۃ علماء تحصیل مرتضی پور ) نے اپنے خطاب میں معاشرہ میں پھیلی ہوئی برائیوں بالخصوص عورتوں کابے پردہ گھومنا اور شریعت میں کس کس سےپردہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے اس کے مطابق زندگی گذارنا ، دیہی علاقوں میں چلائی جارہی سودی اسکیمات بچت گڑھ کی نحوست اس سے ہونے والے نقصانا ت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس سے دور رہنے کی سختی کے ساتھ تاکیدکی اور اس کا علاج بھی بتایا نیزمحلہ محلہ اصلاح معاشرہ کمیٹی بنانے کی طرف شرکاء کی توجہ مبذول کرائی ۔ اس پرو گرام میں علاقے کے علماء و حفاظ ،ائمہ مساجد جمعیۃ علماء کے عہدیدران و اراکین سمیت شرکاء بڑی تعداد میں موجود تھے، حضرت مفتی روشن قاسمی صاحب کی دعا پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔