شادی بیاہ اور دیگر تقریبات کے مو قع پر مسلمان سادگی اختیار کریں

Maharashtra

شادی بیاہ اور دیگر تقریبات کے مو قع پر مسلمان سادگی اختیار کریں

    جمعیۃ علماء نوی ممبئی کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ اصلاح معاشرہ و سیرۃ النبیﷺ سےمولانا محمد یامین قاسمی مبلغ دار العلوم دیو بند و دیگر کا خطاب

 ممبئی ۔25؍ دسمبر 2021 ۔نو جوان کسی بھی قوم کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ،قوموں کا مستقبل ان سے وابستہ ہو تا ہے ،اسلام تمام انسانوں خصوصا نو جوانوں کو یہ پیغام دیتا ہے کہ وہ ایمانی رسوخ پیدا کریں ،کفر و فسق اور نا فر مانیوں سے باز رہیں اور اعمال صالحہ اختیار کریں ۔ان زریں خیالات کا اظہار مہمان خصوصی حضرت مولانا محمد یامین قاسمی صاحب مبلغ دار العلوم دیو بند نے کل گذشتہ جمعیۃ علماء نوی ممبئی کی جانب سے مسجد منورہ تربھے اسٹور نوی ممبئی میں منعقدہ جلسہ اصلاح معاشرہ و سیرۃ النبی ﷺ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے نوجونوں کی اصلاح اور معاشرہ میں شادی بیاہ کے موقع پر انجام دی جانے والی غیر اسلامی رسومات اور فضول خرخیوں کے مضرات و نقصانات پر روشنی ڈالتے ہوئے یہ اپیل کی کہ شادی بیاہ اور دیگر تقریبات کے موقع پر مسلمان سادگی اختیار کریں۔

واضح رہے کہ گذشتہ ایک مہینے سے صوبے بھر میں جمعیۃ علماء مہا راشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب کے مجوزہ پرو گرام کے مطابق اصلاح معاشرہ اور سیرۃ النبیﷺ کے پرو گرام منعقد کئے جا رہے ہیں اور عوام میں اصلاح معاشرہ کے تعلق سے بیداری پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ،ان پرو گراموں میں علماء کرام نے اپنے خطاب کے ذریعہ خیر کے کاموں میں حصہ لینے ، غیر اسلامی طریقوں اور سماج میں رائج ہندو انہ رسم و رواج سے دور رہنے ، شراب ،نوشی ،گانجہ ،چرس ،و دیگر نشہ آور ادویات سے باز رہنے جیسے امور پرروشنی ڈالنے ،عوام کے در میان نیکی کے کاموں کو عام کرنے اور برائیوں سے بچنے کے لئے بیداری پیدا کرنے کی کوشش کی جار ہی ہے۔ آج کے اس اجلاس سے مفتی آزاد بیگ قاسمی صاحب صدر مفتی جامعہ معراج العلوم چیتا کیمپ ،مفتی مامون قاسمی صاحب امام و خطیب مسجد کھار گھر و دیگر نے  بھی خطاب کیا ۔

اجلاس کا آغاز قاری ظفر صاحب( سکریٹری جمعیۃ علماء حلقہ نوی ممبئی )کی تلاوت کلام پاک سے ہوا،مولانا محمدعرفان قاسمی صاحب اور قاری محمد شفاعت صاحب نے نے نعتیہ کلام پیش کیا ، قاری محمد صادق خان صاحب مہتمم جامعہ معراج العلوم چیتا کیمپ و نائب صدر جمعیۃ علماء مہا راشٹر نے اجلاس کی صدارت فر مائی ،مولانا مبارک صاحب استاذ مدرسہ احیاء العلوم تربھے نوی ممبئی نے اجلاس کی کاروائی چلائی ،جناب شرف عالم بابا( سر پرست جمعیۃ علماء جمعیۃ علماء حلقہ نوی ممبئی ) نے مہمان علماء کرام اور شرکاء اجلاس کا شکریہ ادا کیا ،پروگرام میں مولانا محمد ذاکر قاسمی صاحب جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء مہا راشٹر ،مولانا صغیر احمد نظامی صاحب ،مولانا اشفاق صاحب ،مولانا زاہد صاحب ،حافظ عبد الرحمن صاحب و دیگر اراکین و محبین جمعیۃ شریک تھے۔