ابتدائی عمر ہی سے بچوں کو دین کی بنیادی تعلیمات سے واقف کرایا جائے۔ مولانا یامین قاسمی مبلغ دار العلوم دیو بند

Maharashtra

ابتدائی عمر ہی سے بچوں کو دین کی بنیادی تعلیمات سے واقف کرایا جائے۔ مولانا یامین قاسمی مبلغ دار العلوم دیو بند
 
 
ممبئی ۔24 ؍ دسمبر 2021 ۔ بچوں کی تعلیم کا ایک اہم دائرہ تربیت ہے جو انھیں اپنے خاندان سے حاصل ہوتی ہے۔ اس تربیت کا اہم ترین پہلو یہ ہے کہ ابتدائی عمر ہی سے بچوں کو دین کی بنیادی تعلیمات سے واقف کرایا جائے۔ قرآن مجید کی تعلیم کا شعوری انتظام اور حلال اور حرام کے احکامات سے واقفیت فراہم کی جائے۔ سات سال کی عمر سے نماز کا، اور روزہ رکھنے کے قابل عمر کو پہنچنے پر روزے کا عادی بنایا جائے۔ بچوں کو بالکل ابتدا سے اللہ سے تقویٰ اور اس کے سامنے تمام کاموں (اعمال) کیلئے جواب دہ ہونے کا تصور پیدا کرنا، اور ان میں یہ احساس جگانا ضروری ہے کہ اللہ ہر وقت ان کی نگرانی کر رہا ہے۔ ان زریں خیالات کا اظہار گذشتہ کل حضرت مولانامحمد یامین قاسمی صاحب مبلغ دار العلوم دیو بند نے جمعیۃ علماء حلقہ ا ندھیری ممبئی کے زیر اہتمام محمد ی حسینی مسجد جو ہو گلی اندھیری میں منعقدہ جلسہ اصلاح معاشرہ و سیرۃ النبی ﷺ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

مولانا یامین قاسمی صاحب نے اولاد کی دینی تعلیم وتربیت پر مفصل خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ بچوں کو ابتدائی عمر سے ہی اعلیٰ اخلاق کا عادی بنانے کی کوشش کی جائے، کیونکہ بچپن کی عادتیں بڑے ہونے پر پختہ ہوتی ہیں، اس لئے ضروری ہے کہ بچپن ہی سے انھیں سچائی، امانت داری، بہادری، احسان، بزرگوں کی عزت، پڑوسیوں سے بہتر سلوک، دوستوں کے حقوق کی پاسداری اور مستحق لوگوں کی مدد جیسے اعلیٰ اخلاقی اوصاف کا حامل بنایا جائے، پھر انھیں برے اخلاق مثلاً جھوٹ، چوری، گالی گلوچ اور بے راہ روی سے سختی سے بچایا جائے اوائل عمر سے ہی محنت و مشقت کا عادی بنایا جائے اور عیش کوشی و آرام پسندی سے دور رکھا جائے۔مولانا محمد ذاکر قاسمی صاحب( جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مہا راشٹر) نے جمعیۃ علماء کی خدمات اور کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے فر مایا کہ گذشتہ تقریبا ایک مہینہ سے صوبائی جمعیۃ علماء کی نگرانی میں ہمارے صدر محترم مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب ( صدر جمعیۃ علماء مہا راشٹر ) کی ہدایت کے مطابق پوری ریاست میں جلسہ اصلاح معاشرہ اور سیرۃ النبیﷺ کی مہم چلائی جا رہی ہے اسی کی ایک کڑی آج کا یہ اجلاس ہے ۔

اجلاس کا آغاز قاری رضوان صاحب کی تلاوت کلام پاک سے ہوا ،مفتی شبیر و مولانا احمد قاسمی نے نعت پاک پیش کی ،مولانا وہاج اطہر قاسمی صاحب ( صدر جمعیۃ علماء حلقہ اندھیری ممبئی ) نے اجلاس کے اغراض و مقاصداورخیر مقدمی کلمات پیش کرتے ہوئے اجلاس کی نظامت کا فریضہ انجام دیا۔حافظ محمد عارف صاحب ( نائب صدر ) جناب افضل شیخ صاحب ( نائب صدر ) نے اجلاس کے کنوینر ہونے کی ذمہ داری بحسن و خوبی نبھائی ، اس پروگرام کے انعقاد میں حافظ محمد شریف صاحب( سر پرست جمعیۃ علماء حلقہ اندھیری ممبئی)مولانا عماد الدین صاحب قاسمی ( نائب صدر ) مفتی محمد سلیم صاحب قاسمی ( نائب صدر ) مفتی محمد مستقیم عثمانی صاحب ( سکریٹری ) مولانا محمد احمد صاحب قاسمی (سکریٹری ) مولانا محمد زبیر صاحب قاسمی (سکریٹری ) مولانا ابوالحسن صاحب قاسمی ( خازن) مولانا عقیل احمد صاحب ( نائب خازن)عارف انجیئر رکن ،مفتی شبیر صاحب ،حافظ محمد رضوان ،حافظ عبد الرحمن ،حافظ محمد آصف ،مولانا عبد القیوم ،حافظ محمد ابراہیم ،مولانا شاہد قاسمی ،مولانا احرار الحق قاسمی ،ابو بکر شیخ ،مولانا محمد مبین قاسمی ،مولانا محمد یحی قاسمی ،مولانا نور اللہ صاحب ،حافظ محمد احمد ،قاری جہانگیر ،مولانا دائو دصاحبان نے اہم کردار ادا کیا، اخیر میں مولانا محمدقاسم صاحب ( جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء حلقہ اندھیری ) نے مہمان علماء کرام اور شرکاء اجلاس کا شکریہ ادا کیا ۔