جمعیۃ علماء ضلع عثمان آباد کے زیر اہتمام

Maharashtra

جمعیۃ علماء ضلع عثمان آباد کے زیر اہتمام

 جلسہ اصلاح معاشرہ و سیرۃ النبی ﷺکا انعقاد

  عثمان آباد ۔ 15؍ دسمبر 2021 ( پریس ریلیز ) ہر مسلمان مرد و عورت کی ذمہ داری ہے کہ ایمان و عقیدہ کی درستگی کے ساتھ خود بھی نیک اعمال کا خوگر ہو برائیوں سے پر ہیز کرے اور دوسروں کو بھی صالح بنانے کی کوشش کرے اچھا ئیوں کو پھیلانے اور برائیوں کو مٹانے کی فکر اور جدو جہد کرے ان خیالات کا اظہار جمعیۃ علماء مہا راشٹر کے سکریٹری برائے تنظیمی استحکام مولانا محمد ابراہیم قاسمی نےگذشتہ دنوں جمعیۃ علماء ضلع عثمان آباد کے زیر اہتمام دار العلوم فلاح دارین شمس چوک عثمان آباد میں منعقدہ جلسہ اصلاح معاشرہ و سیرۃ النبی ﷺ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے معاشرے میں تیزی سے فروغ پارہی منکرات رشتہ داروں سے قطع تعلق ،والدین کی نافر مانی ، لڑکیوں کو حق وراثت سے محروم کرنا ،بے حیائی و بے پر دگی ،موبائل کے بیجا استعمال و دیگر رسومات کی نشاندہی کرتے ہوئے اس کے سدباب کی تدابیر اور طریقہ کار کی طرف شرکاء کی توجہ مبذول کرائی ۔
مولانا قاری شمس الحق صاحب (جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مرہٹواڑہ) نے اصلاح معاشرہ اور سیرت کے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ ۵؍ دسمبر سے جمعیۃ علماء مہا راشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب کی ہدایت کے مطابق علاقہ مراہٹواڑہ کے مختلف شہر ،تعلقہ جات اور اضلاع میں جلسہ اصلاح معاشرہ و سیرۃ النبیﷺ کے پرو گرام کامیابی کے ساتھ منعقد ہو رہے ہیں اسی کی ایک کڑی آج کا یہ اجلاس ہے۔ ان پرو گراموں کے ذریعہ جمعیۃ علماء کی یہ کو شش ہے کہ مسلمان مسلمان بن جائے اور اسلام دشمن طاقتوں کی سازشوں سے چو کنا ہو کر احکام شرع کے مطابق زندگی گذارے،احساس کمتری سے نکلے،لو گوں کے ساتھ حسن اخلاق کا معاملہ کرے ،کبر و تکبر سے بچے،زبان اور آنکھ کی حفا ظت کرے۔
   اجلاس کا آغاز قاری محمد زاہد صاحب کی تلاوت قر آن کریم اور حافظ سفیان صاحب کے نعتیہ کلام سے ہوا ،مفتی فردوس صاحب ( خازن جمعیۃ علماء ضلع عثمان آباد ) نے اجلاس کے انعقاد اور اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئےنظامت کا فریضہ انجام دیا۔اس پروگرام میں ایک عقد مسنون بھی عمل میں آیا جس کی جملہ کاروائی و نکاح خوانی و مختصر خطاب مفتی عبد الرحمن اشرفی صاحب( نائب صدر جمعیۃعلماء مرہٹواڑہ )فر مایا ، مولانا محمد عمران صاحب ( صدر جمعیۃ علماء ضلع عثمان آباد ) نے مہمان علماء کرام اور شرکاء اجلاس کا شکریہ ادا کیا ،اس پروگرام میں جمعیۃ علماء ضلع و شہر کے جملہ عہدیداران و اراکین سمیت مولانا ایوب صاحب مفتی رحمت اللہ صاحب قاری طاہر صاحب و دیگر شریک تھے ،شرکاء بھی بڑی تعداد میں شریک اجلاس تھے۔