عر شی قریشی داعش معاملہ میں تفتیشی افسر نمرتا پاٹل کی بحث و جرح مکمل

Maharashtra

عر شی قریشی داعش معاملہ میں تفتیشی افسر نمرتا پاٹل کی بحث و جرح مکمل

 کیس آخری مرحلہ میں داخل، اگلی سماعت 6 ؍ دسمبرکو عمل میں آئے گی  
 

ممبئی ۔24؍ نومبر (پریس ریلیز) آئی۔ آر۔ایف سے تعلق رکھنے والے عرشی قریشی جس پر غیر مسلم نو جوانوں کو مذہب تبدیل کراکے داعش میں بھرتی کرانے سمیت کئی سنگین الزامات لگائے ہیںاس کیس سے متعلق آج ممبئی خصوصی این آئی اے عدالت میں استغاثہ کی جا نب سے پیش کی گئی تفیشی افسر محترمہ نمرتا پاٹل کی بحث و جرح مکمل ہو چکی ہے۔ دفاع کی جرح کے دوران تفتیشی افسر نے کئی ایسے سنسنی خیز انکشافات کئے جس سے سچائی اجاگر کرنے میں کافی مدد ملے گی اس مقدمہ کی اگلی سماعت6؍ دسمبر 2021 کو عمل میں آئے گی اس بات کی اطلاع آج یہاں اس مقدمہ کو قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہا راشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب نے دی ہے۔  

مزید تفصیلات دیتے ہوئےانہوںنے بتایا کہ آج عدالت میںدفاع کی جرح کے دوران تفتیشی افسر نےکئی اہم چیزوں کا اعتراف کیا مثلا ضبط شدہ اشیاء خرید کر پولیس اسٹیشن میں جمع نہ کروانا ،گم شدہ بچوں کا سیریا میں نہ پایا جانا ،افغانستان ،سیریا وغیرہ ملکوں کی حکومتوں کی جا نب سے ہندوستانی حکام سے شکایت نہ کرنا شامل ہے ۔تفتیشی افسر نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ مقدمہ چلانے کی منظوری کا حکم سیریا جانے پر مبنی ہے اور ان کی تحقیق میں گم شدہ لوگوں کا سیریا جانےکا کسی قسم کے ثبوت و شواہد کا نہ پایا جانا وغیرہ شامل ہے ۔
 اس کیس کی عدالت میں پیروی کرنے والے سینیر کریمنل لائر ایڈوکیٹ پٹھان تہور خان نے کہا کہ عدالتی کاروائی اور بحث اور جرح کے درمیان کئی ایسے انکشافات سامنے آئے ہیں جس سے انصاف کے راستے پر چلنے اور حقیقت کا سامنا کرنے میں کوئی دشواری نہیں ہوگی بہرحال معاملہ فیصلہ کن مرحلہ میںداخل ہو چکا ہے، کاروائی کو دیکھتے ہوئے اس بات کی امید کی جا رہی ہے کہ انشااللہ ملزم کو انصاف ملے گا۔ اس کیس کی پیروی  کے لئے آج عدالت میںجمعیۃ لیگل سیل کے سکریٹری ایڈوکیٹ پٹھان تہور خان ،ایڈوکیٹ عشرت علی خان،ایڈوکیٹ فیضان قریشی مو جود تھے ۔