جمعیۃ علماء امباء جو گائی ضلع بیڑ کے زیر اہتمام جلسہ سیرۃ النبی ﷺ کا انعقاد

Beed

جمعیۃ علماء امباء جو گائی ضلع بیڑ کے زیر اہتمام جلسہ سیرۃ النبی ﷺ کا انعقاد

 نبی ﷺ کی اتباع اور سنتوں پر عمل کرنے والا اللہ کا مقرب بندہ ہے۔مولانا ندیم صدیقی

 بیڑ ۔ 29؍ اکتوبر ( پریس ریلیز ) آج یہاں ضلع بیڑ کے تعلقہ امباجوگائی مر کز مسجد میں جمعیۃ علماء کے زیر اہتمام جلسہ سیرۃ النبیﷺ کا انعقاد عمل میں آیا جس کا آغاز مدرسہ دار الیتامی کے متعلم عباد الرحمن کی تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مدرسہ ایک طالب علم محمد ریحان نے نعت پاک پیش کی ،مولانا افسر صا حب نے اجلاس کے اغراض و مقاصد اور مہمانوں کے لئے خیر مقدمی کلمات پیش کرتے ہوئے اجلاس کی کروائی چلائی ۔ اس موقع پر صدر اجلاس مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب ( صدر جمعیۃ علماء مہا راشٹر) نے سیرت کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالتے ہوئے فر مایا کہ آج کے اس گئے گذرے دور میں نبی کریم ﷺ کی اتباع کرنے والا ،آپﷺ کی سنتوں کو اپنی زندگی میں نافذ کرنے والا اور اس پر عمل کرنے والا اللہ کا مقرب بندہ ہے ،ہم سب کو اپنی زندگیوں کو سنت کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے شرکاء اجلاس سے جمعیۃ علماء سے وابستہ ہوکر اس کے تعمیری پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔

مہمان خصوصی مولانا محمد ابراہیم قاسمی صاحب ( جنرل سکریٹری دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء مہا راشٹر ) نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضرت محمد مصطفیﷺ سے محبت کرنے ،نبی ﷺ کی فکروں کو اپنے سینوں میں لے کر اس پر عمل پیرا ہونے ،اس کو دوسروں تک پہونچانے بالخصوص اپنی استطاعت کے مطابق ہر انسان تک نبی کے پیغام کو پہونچانے اور اس پر عمل کرکے دکھانے کا نام سیرت ہے۔انہوں نے جمعیۃ علماء کی نمایاں خدمات ،جمعیۃ کے کام کرنے کا نہج اور طریقہ کار ،جماعت کے نظام کو مضبوط کرنے و دیگر امور پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

اس اجلاس میں ضلع بھر سے جمعیۃ کے اہم ذمہ داران و کارکنان باالخصوص مولانا رمضان صاحب اشاعتی ناظم مدرسہ دارالیتامی پپلہ بیڑ ،مفتی عبداللہ صاحب قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع بیڑ،مولانا افسر صاحب اشاعتی ،مولانا عبد الحنان صاحب صدر جمعیۃ علماء تعلقہ امباء جوگائی ،حافظ نوشاد صاحب صدر جمعیۃ علماء شہر امباء جوگائی ،مولانا اکبر صاحب سمیت شہر کے موقر علماء و دانشوران اور اہلیان شہر شریک تھے ،صدر اجلاس مولانا ندیم صدیقی صاحب کی دعاء پر اجلاس اختتام پذیر ہوا۔