پٹھان سراج خان کو ڈاکٹریٹ ڈگری تفویض

Beed

پٹھان سراج خان کو ڈاکٹریٹ ڈگری تفویض

 

بیڑ ۱۱ ستمبر ( محمد رئیس خان  )  نور ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی ، بیڑ کے زیر انصرام الہدیٰ اردو ہائی اسکول کے صدر مدرس پٹھان سراج خان کو ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی اورنگ آباد کی جانب سے "مہاراشٹر کے اردو اخبارات کا اردو ادب کے فروغ میں حصہ" اس عنوان پر ڈاکٹریٹ (پی ایچ ڈی) کی ڈگری سے نوازا گیا ہے۔ پٹھان سراج خان (قلمی نام سراج آرزو) نے ڈاکٹر عقیلہ غوث ، پرنسپل ، وینوتائی چوہان ویمن کالج ، امباجوئی کی رہنمائی میں تحقیقی کام مکمل کیا۔

 

 ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کی جانب سے پٹھان سراج خان سرور خان کا آن لائن 'وایووا' کا اہتمام کیا گیا جس میں مدراس یونیورسٹی چنئی کےاردو ، عربی اور فارسی شعبہ کے سابق صدر ڈاکٹر سجاد حسین اور اودگیر کالج کے ڈاکٹر حامد اشرف نے بطورخارجی ممتحن کام انجام دیا۔

 

آن لائن وایوا کا اہتمام ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے پی ایچ ڈی سیل کی جانب سے کیا گیا تھا جس میں ریاست اور ریاست سے باہر کے 38 ڈاکٹر ، پروفیسر ، ریسرچ طلباء وغیرہ شریک تھے۔ محقق پٹھان سراج خان نے اپنی تحقیق پر اپنے خیالات کا اظہار کرنے کے بعد سوال و جواب کا سیشن منعقد کیا اور ممتحن ڈاکٹر سجاد حسین نے محقق پٹھان سراج خان کے تحقیقی کام کو کافی سراہا۔ اس موقع پر ، ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر یونیورسٹی کے شعبہ اردو کی صدر ڈاکٹر کرتی مالینی جاولے نے اعلان کیا کہ ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کی جانب سے پٹھان سراج خان کو ان   کے انمول تحقیقی کام کے لیے ڈاکٹریٹ (پی ایچ ڈی) کی ڈگری سے نوازا جا رہا ہے۔ پٹھان سراج خان عرف سراج آرزو تعلیمی اور صحافتی میدان میں ایک معروف شخصیت ہیں اور روزنامہ اورنگ آباد ٹائمز اردو کے اعزازی ضلعی نمائندہ ہیں سراج خان آرزو کو پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے پر سماج کے ہر طبقہ سے مبارکباد پیش کی جا رہی ہے۔