دارالعلوم سونوری ضلع اکولہ میں جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی مجلس منتظمہ کااجلاس

Maharashtra

دارالعلوم سونوری ضلع اکولہ میں جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی مجلس منتظمہ کااجلاس

 مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب،جمعیۃ علماء مہا راشٹرکے پانچویں مر تبہ صدر منتخب

            اکولہ:۱۲؍ستمبر ( پریس ریلیز )آج یہاں دارالعلوم سونوری ضلع اکولہ میں جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی مجلس منتظمہ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبہ مہاراشٹر کے مختلف اضلاع اور تعلقوںکے صدور ونظماء سمیت بڑی تعدا د میں اراکین منتظمہ نے شرکت کی۔ اس اجلاس میں حضرت مولانا سید مفتی عفان صاحب منصورپوری (صدر دینی تعلیمی بورڈجمعیۃ علماء اترپردیش ) کی نگرانی میں تمام اراکین منتظمہ کے اتفاق رائے سے آئندہ ٹرم کے لئے مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب کو جمعیۃ علماء مہاراشٹر کا پانچویں مرتبہ صدر منتخب کیا گیاہے۔ اور نائبین صدور کے طور پر مولانا عبدالقدیر صاحب مدنی اورنگ آباد ، قاری محمد صادق خان صاحب چیتا کیمپ ممبئی، قار ی محمد ایوب صاحب ملاڈ ممبئی، مولانا عبدالرشید صاحب دو ن پونہ کا انتخاب عمل میں آیا۔ جب کہ قاری محمد ایوب اعظمی صاحب بھیونڈی جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے خازن منتخب کئے گئے۔

 

 اس موقع پر مہمانان خصوصی مولانا سید مفتی محمد عفان منصورپوری صاحب نے جمعیۃ علماء کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اللہ کے بے شمار انعامات میں سے ایک اہم انعام یہ بھی ہے کہ اُس نے ہمیں ایسی سنہری تاریخ رکھنے والی اکابرین کی قائم کردہ تنظیم جمعیۃ علماء ہند سے وابستہ رکھا ہے جب انسان اللہ کی رضا کے لئے کام کرتا ہے تو منجاب اللہ اُسے غیبی مدد و تائید حاصل ہوتی ہے مفتی صاحب نے مشکل سے مشکل حالات میں جدوجہد کو جاری رکھنے ، کامیابی کی منزل طئے کرنے، حالات سے گھبراکر پیچھے نہ ہٹنے، اور اس جیسی دیگر اہم امور کی طرف شرکاء اجلاس کی توجہ مبذول کرائی۔

 

انتخابی کاروائی کی تکمیل کے بعد منتخب شدہ صوبائی صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی نے تمام شرکاء اجلاس کا شکریہ ادا کر تے ہوئے کوکن و مغربی مہاراشٹر کے سیلاب زدہ علاقوںمیں جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی نگرانی میں کئے گئے امداد و راحت رسانی ،مسلم رویزرویشن کے سلسلے میں ہورہی پیش رفت،نئی تعلیمی پالیسی اورجمعیۃ اوپن اسکول کے قیام کے لئے جدوجہد ،ووٹر لسٹ اندراج بیداری مہم، تنظیمی استحکام، دیہاتوں میں مکاتب اسلامیہ کے نظام قائم کرنے کی ضرورت ، اصلا ح معاشرہ کے کام کو مضبوطی کے ساتھ کرنے ، جمعیۃ یوتھ کلپ کی سرگرمی شروع کرنے و دیگر اہم امور پر مفصل روشنی ڈالی ۔ اضلاع اور تعلقوں میں قائم جماعت کی جملہ یونٹوں کے ذمہ داروں سے اپیل کی کہ تعلقہ جمعیۃ ہر ماہ اور ضلع جمعیۃ دو مہینے میں میٹنگ کریں ، کاموں کا جائزہ لیں اور تنظیم کو مستحکم کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔

 

اس اہم اجلاس کا آغاز قاری محمد طاہر اشاعتی استاذ حفظ دارالعلوم سونوری ضلع اکولہ کی تلاوت کلام پاک سےہوا ، حافظ محمد طارق جمیل متعلم دارالعلوم سونوری نے نعت پاک پیش کی مولانا محمد ذاکر قاسمی جنرل سیکریٹر ی جمعیۃ علماءمہاراشٹر نے اپنے خطاب میں جمعیۃ علماء کی خدمات خاص کر لاک ڈائون میں راشن کٹس تقسیم ، فرقہ وارانہ فسادات، سیلاب زدگان کی امدادو دیگر اہم امور پر تبادلہ خیا ل کرتے ہوئے اجلاس کی نظامت کی۔مولانا حبیب الرحمان قاسمی صدر جمعیۃ علماء مراٹھواڑہ نے جلسہ کی صدارت کے لئے تحریک پیش کی ۔ قاری محمد ایوب صاحب اعظمی خازن جمعیۃ علماء مہاراشٹر نے تائید صدارت پیش کی۔مولانا محمد ابراہم قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع شولاپورنے اپنے تمہیدی گفتگو میں انتخابات ،جمعیۃیوتھ کلب، جمعیۃ اوپن اسکول و دیگر سرگرمیوں پر روشن ڈالی۔ قاری شمس الحق صاحب جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء مراٹھواڑہ نےکوکن سیلاب زدہ علاقوں میں کئے گئے ریلیف کے کاموں کی رپورٹ پیش کی۔ جناب ایڈوکیٹ ماجد پٹیل صاحب سیکریٹری جمعیۃ علماء مہاراشٹر وقف سیل نے مساجد و عبادت گاہوں کے رجسٹریشن و دیگر ضروری کاروائی کرانےکی ضرورت و اہمیت کی طرف توجہ دلائی۔مفتی عبدالرحمان صاحب جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء ضلع جالنہ نے موجودہ حالات میں اصلاح معاشرہ کی ضرورت اور اہمیت پر مختصر خطاب کیا۔مفتی محمد روشن قاسمی صاحب سیکریٹری جمعیۃ علماء مہاراشٹر برائے ودربھ نےجمعیۃ کے خدام کی ذمہ داری اور موجودہ حالات برادرانِ وطن کو اسلام سے قریب کرنے اور انہیں مانوس کرنے کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا۔

 

 جمعیۃعلماء مہاراشٹرلیگل سیل کےسیکریٹری ایڈوکیٹ تہور خان پٹھان نےمسلم ریزرویشن کے لئے جمعیۃ علماء مہاراشر کی جانب سے کی جارہی جہد مسلسل پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کی الحمد للہ اب ہماری کوششوں کا نتیجہ عنقریب آنے والا ہے انہوں نے بے گناہ مسلم نوجوانوں کو جیلوں سے چھڑانےمیں پیش آنے والی دشواریوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ اب تک سیکڑوںنوجوان با عزت اور ضمانت پر رہا ہو چکے ہیں ۔ جمعیۃ علماء مہا راشٹر کے ناظم تنظیم مولانا مفتی محمد حذیفہ قاسمی نے جمعیۃکی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے آئندہ ٹرم  جمعیۃ کی صدارت کے لئے مولاناحافظ محمد ندیم صدیقی صاحب کا نام پیش کیا جس کی اجلاس میں شریک تمام ضلعی صدور  نے فرداً فرداً  واراکین منتظمہ نے ہاتھ اٹھا کر بھر پورتائید کی ۔ نائب صدور منتخب کرنے کے لئے مولانا یوسف جمال قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع تھانہ نے چاروں نائبین صدور کا نام پیش کیا اور شرکا ء سے تائید حاصل کی ۔مفتی آزاد صاحب قاسمی جنرل سکریڑی جمعیۃ علماء شمال مشرقی زون ممبئی نے خازن کا نام پیش کیا اور تائید حاصل کی ۔مولانا سراج احمد قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع ناگپور نے امیر الہند حضرت مولانا قاری محمد عثمان منصور پوی ؒ(سابق صدر جمعیۃ علماء ہند )مولانا امان اللہ صاحبؒ (سابق نائب صدر جمعیۃ علماء ہند )سمیت دیگر وابستگان جمعیۃ جو اللہ کو پیا رے ہو چکے ہیں ان کے حق میں تعزیتی تجویز پیش کی ۔مفتی محمد روشن شاہ قاسمی مہتمم دارالعلوم سونوری نے جملہ مہمانان اکرام اور شرکا ء اجلاس کا شکریہ ادا کیا۔مفتی محمد عفان منصور پوری صاحب کی دعا پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا ۔